پشاور شہر کے نواحی علاقوں میں خصوصی ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشز کا سلسلہ جاری

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:14

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) پشاور بھر میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا سلسلہ مزید تیز کردیا گیا ہے۔کیپٹل سٹی پولیس تر جمان کے مطابق ڈی ایس پی بڈھ بیر سرکل ظفر خان کی قیادت میں ہونے والے آپریشن میں ایس ایچ او تھانہ متنی واجد خان سمیت پاک آرمی ، لوکل پولیس، لیڈیز پولیس کے ہمراہ آر آر ایف اور دیگر یونٹس نے حصہ لیا،گھر گھر ٹارگٹڈ آپریشنز میں غیر رجسٹرڈ کرایہ داروں، سماج دشمن عناصر اور دیگر جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیتے ہوئے اسلحہ، آئس اور دیگر منشیات بھی برآمد کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح ملزمان میں قتل کے مقدمات میں مطلوب مجرمان اشتہاری بھی شامل ہیں،مجموعی طور پر ملزمان کے قبضے سے چار عدد کلاشنکوف، پانچ عدد رائفل، دو عدد پستول، متعدد میگزینز و کارتوس بھی برآمد کئے گئے جبکہ آئس ودیگر منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے قبضے سے 1300 گرام آئس، تین کلوگرام چرس بھی برآمد کئے گئے ،گرفتار مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مختلف پہلووں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے،آپریشنز کا مقصد سکیورٹی کو یقینی بنانا اور امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنا ہے۔