پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ،صوبائی حکومت دبانے کی کوشش کر رہی ہے،میر محمد یوسف خان

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:05

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء میر محمد یوسف خان رند نصیر آباد ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید بلاول شاہ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری علی بخش نون اور پی ٹی آئی ضلع اوستہ محمد کے صدر عبدالجبار ہجوانی و دیگر رہنماوّں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ2 ستمبر کو سردار عطاء اللہ مینگل کی برسی کے موقع پر جلسے میں دھماکہ ہوا جس میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئی اور متعدد افراد زخمی بھی ہوئے جس کے بعد بی این پی مینگل نے 6 ستمبر کو صوبے میں احتجاج کی کال دی تھی اور احتجا جی مظاہرے پر صوبائی حکومت نے مظاہرین پر لاٹھی چارج کر کے انہیں غیر آئینی طور پرحراساں بھی کیا جو کہ جمہوری اقدام کے خلاف ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے لیکن موجودہ صوبائی حکومت بلوچستان اس حق کو دبانے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کی ہدایت پر آج ہم نے پریس کلب میں پریس کانفرنس کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کروارہے ہیں صوبائی حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں پر طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ واقع میں ملوث ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے پی ٹی آئی رہنماوّں کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں جمہوری حقوق کی پامالی ناقابل برداشت ہے اور ہم ہر فورم پر اس کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے اس وقت صوبے کے حالات ابتر ہیں کوئی شہری اور کاروباری حضرات محفوظ نہیں حکومت عوام کو تحفظ دینے کے بجائے ان پر لاٹھی کا استعمال کررہی ہے۔