پیداواری لاگت بڑھنے سے ملکی مصنوعات مہنگی ہورہی ہیں‘ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرے

جمعرات 11 ستمبر 2025 21:46

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2025ء) پیداواری لاگت بڑھنے سے ملکی مصنوعات مہنگی ہورہی ہیں۔ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرے تاکہ ملکی ایکسپورٹ میں تیزی سے اضافہ ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار عوامی،سماجی،کاروباری شخصیات رحیم یارخان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر چودھری ولید احمد، چودھری بلال احمد گجر، چودھری انوار احمد نجمی، چودھری زاہد ارشاد، چودھری وسیم شہزاد، چودھری عثمان محمود، میاں خرم منیر اور چودھری محمد آصف خادم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ پیداواری لاگت بڑھنے سے پاکستانی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے غیر ملکی منڈیوں میں دوسرے ممالک نے وہ جگہ لے لی ہے جہاں کبھی پاکستانی اشیاء فروخت ہوتی تھیں۔

(جاری ہے)

ہماری ایکسپورٹ دنیا بھر میں متاثر ہورہی ہیں جب کہ اس کے مقابلے میں غیر ملکی سرمایہ کار جو پاکستانی حکومت کی جانب سے مراعات حاصل کرکے اپنی اشیاء پاکستانی سرمایہ کار کے مقابلے میں سستے داموں میں تیار کررہے ہیں اور غیر ملکی منڈیوں میں فروخت کررہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بجلی اور گیس کے نرخوں میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے جس سے ہماری لوکل انڈسٹری بھی تباہ ہوکر رہ گئی ہے اور اس کی جگہ غیر ملکی اشیاء نے لے لی ہے۔ جس سے ایکسپورٹ میں کمی کے ساتھ ساتھ ہماری امپورٹ بھی بڑھ گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملکی ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کو زیادہ سے زیادہ قرضے فراہم کرے کیونکہ ملکی معیشت میں ایس ایم ایز کا حصہ70فیصد ہے۔

انھوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں ہونے والا فرق ایکسپورٹ میں ہونے والی کمی سے ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو جو مراعات اور سہولیات فراہم کرے وہ لوکل انڈسٹری کو بھی فراہم کرے۔ ماضی میں حکومتوں نے بیرونی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات اور لوکل انڈسٹری پر کوئی توجہ نہیں دی جس سے ایکسپورٹ متاثر ہوئی ہے۔