بکریاں پالنے سے نہ صرف زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ ملکی گوشت کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکتا ہے،ڈاكٹرمحمد افضل

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:50

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) بکریاں پالنا سنت نبوی ﷺہے اور ان سے نہ صرف زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ ملکی گوشت کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ لائیوسٹاک سمبڑیال ڈاکٹر محمد افضل نے آج جمعہ کو کسانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ بکریاں پالنے سے نہ صرف زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے بلکہ ملکی گوشت کی ضروریات کو بھی پورا کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اچھی اور اعلیٰ نسل کی بکریاں پالنے سے زیادہ منافع حاصل کیا جاسکتا ہے، اگر بکرے کی نسل چھوٹی ہے تو جینیاتی طور پر زیادہ قد نہیں بڑھتا،تین سے12 ماہ کی عمر میں بکری کے بچوں پر خاص توجہ دینی چاہیے،دودھ پلانے کے بعد جلدی اچھا چارہ اور دانہ شروع کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے بچوں کو کیلشیم اور پروٹین والی خوراک زیادہ دیں تاکہ ہڈیاں مضبوط ہوں ، ہائیٹ بڑھانے والی خوراک میں سبزچارہ برسیم ، لیوسرن، جوار اور باجرہ وغیرہ کھلائیں، پروٹین والی خوراک دالوں کا چھلکا ،چوکر، سویا بین یا کپاس کی کھل، اسی طرح کیلشیم بڑھانے کیلئے ہڈی چور، نمک اور اناج میں سے مکئی ،جو اور گندم کا بھوسہ مکس کرکے دیں۔

انہوں نے کہا کہ سورج کی دھوپ میں بکرے کو وقت دینا بھی بہت ضروری ہے اور بکروں کے کھیلنے اور دوڑنے کیلئے کھلی جگہ کا انتخاب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ گروتھ کے چکر میں جانوروں کو زیادہ دانہ نہ دیں ورنہ بکرے کو موٹاپا یا ہاضمے کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :