آج کا طالب علم کل کا لیڈر ، نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،رانا مشہود

جمعہ 12 ستمبر 2025 13:16

آج کا طالب علم کل کا لیڈر  ، نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، آج کا طالب علم کل کا لیڈر ہے، وقت آگیا ہے کہ ہم نوجوانوں کو نوکری تلاش کرنے والا نہیں بلکہ روزگار فراہم کرنے والا بنائیں۔ وہ جمعہ کے روز یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور میں پرائم منسٹر یوتھ انیشی ایٹوز اور ڈیجیٹل یوتھ ہب کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری، یوتھ پروگرام کے نمائندہ خصوصی رضوان انور، ماہا جمیل، اسفند یار نصیر، فیکلٹی ممبران، طلبہ اور جامعہ کے اعلی حکام کی بڑی تعداد موجود تھی۔رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں اور ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

اب تک 10 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ نیشنل انکیوبیشن سینٹرز ہر سال 150 سے زائد اختراعی منصوبوں کو فنڈ کرتے ہیں۔

ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو میرٹ پر اسکالرشپس، آن لائن کورسز، عالمی معیار کی سرٹیفیکیشنز، انٹرن شپس، فری لانسنگ اور اسٹارٹ اپس کے لیے سرمایہ کاری کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ خود کفیل ہو کر معیشت کو مضبوط بنا سکیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ دو سے تین ماہ میں پاکستان کی پہلی ایڈولیسنٹ یوتھ پالیسی اور ای-اسپورٹس پالیسی متعارف کرائی جائے گی، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید مواقع تک رسائی دینا اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں فعال شراکت دار بنانا ہے۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت اعلی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کو مقامی و بین الاقوامی سکالرشپس فراہم کر رہی ہے تاکہ وسائل کی کمی کے باعث کوئی طالب علم تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے طالبات کو بھی خصوصی طور پر اس پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کی دعوت دی تاکہ وہ حکومتی سہولتوں سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں شہدا کا خون شامل ہے، لہذا نوجوانوں کو دشمن کی سازشوں کو سمجھتے ہوئے ملک کے دفاع میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

حالیہ پاک بھارت جنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم ہر مشکل وقت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے، ڈیجیٹل یوتھ ہب انہی اقدامات کا عملی مظہر ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ اس پروگرام میں رجسٹریشن کرا کے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی اداروں میں سربراہان تعینات کیے گئے اور بوٹی مافیا کے خاتمے کے بعد غریب گھرانوں کے طلبہ نے ٹاپ پوزیشنیں حاصل کیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ میرٹ ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عاکف انور چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انہیں جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ جامعہ اپنی تحقیقی اور علمی روایت برقرار رکھتے ہوئے طلبہ کو بااختیار بنانے میں کردار ادا کرتی رہے گی۔آخر میں وائس چانسلر نے چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور دیگر مہمانوں کو شیلڈز پیش کیں۔