لیسکو ٹیموں کا لکشمی چوک اور بلال کالونی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:53

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایت پر لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی ٹیموں نے بجلی چوروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں آپریشن کیا۔یہ کارروائیاں ایس ای نادرن سرکل محمد مزمل کی زیرِ نگرانی،ایکسیئن گلشن راوی نعمان بھٹی کی سربراہی میں اور ایس ڈی او ڈھولن وال فیضان اعظم کی قیادت میں عمل میں لائی گئیں۔

لکشمی چوک (سکائی ویز ٹرمینل کے سامنے) ایک تین منزلہ عمارت (جس میں دو دکانیں اور رہائشی کمپلیکس شامل ہے) کو چار کور کیبل کے ذریعے براہِ راست بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔اس کا تخمینہ شدہ لوڈ تقریباً 10 کلو واٹ تھا۔ لیسکو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کنکشن منقطع کر دیا اور ایک شخص کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح بلال کالونی میں دو جڑی ہوئی دو منزلہ رہائشی عمارتیں جن میں چھ ایئر کنڈیشنرز نصب تھے،کو بھی چار کور کیبل کے ذریعے براہِ راست بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑا گیا۔

اس کا تخمینہ شدہ لوڈ تقریباً 15 کلو واٹ تھا۔لیسکو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کیبل منقطع کر دی اور عمارتوں پر لگے تمام میٹرز اتار دیے۔لیسکو ترجمان کے مطابق بجلی چوری کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی کیونکہ یہ عمل نہ صرف کمپنی کو بھاری مالی نقصان پہنچاتا ہے بلکہ ایماندار صارفین پر بھی بوجھ ڈالنے کا سبب بنتا ہے۔