بدلتے ہوئے موسم، بارشوں کے باعث ڈینگی، گیسٹرو، ملیریا جیسے وبائی امراض پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے،ڈاکٹر اسلم چوہدری

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:53

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) چیف ایگزیکٹو ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ بدلتے ہوئے موسم اور بارشوں کے باعث ڈینگی، گیسٹرو اور ملیریا جیسی وبائی امراض کے پھیلنے کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے، اس لئے شہریوں کو چاہئے کہ وہ صفائی ستھرائی کے انتظامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنائیں اور خاص طور پر گھروں اور دفاتر میں پانی جمع نہ ہونے دیں کیونکہ مچھروں کی افزائش کا بنیادی سبب یہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایچ او آفس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کہا کہ محکمہ صحت نے ڈینگی لاروا کی تلفی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں سپرے اور مانیٹرنگ کر رہی ہیں، تاہم یہ حقیقت ہے کہ حکومتی اقدامات اُس وقت تک مکمل طور پر کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک عوام اپنی سطح پر ذمہ داری کا ثبوت نہ دیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسلم چوہدری نے کہا کہ شہری مچھردانی اور ریپلینٹ کا استعمال یقینی بنائیں، اُبلے ہوئے اور محفوظ پانی کا استعمال کریں، کچرے کو کھلے مقامات پر پھینکنے سے گریز کریں اور اگر کسی کو بخار یا بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر قریبی سرکاری یا نجی اسپتال سے رجوع کریں تاکہ بروقت تشخیص اور علاج ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی اور دیگر وبائی امراض کے مریضوں کے لئے مفت علاج اور دواؤں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور خصوصی وارڈز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ مریضوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔