بیوی کے نان و نفقہ کا حق نکاح کیساتھ شروع ہوتاہے، ازدواجی تعلقات یا رخصتی سے مشروط نہیں،سپریم کورٹ

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:06

بیوی کے نان و نفقہ کا حق نکاح کیساتھ شروع ہوتاہے، ازدواجی تعلقات یا ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)سپریم کورٹ نے اپنے ایک فیصلے میں قرار دیا ہے کہ بیوی کاحق نان نفقہ ازدواجی تعلقات یا رخصتی سے مشروط نہیں اور نہ ہی یہ شوہر کی صوابدید ہے۔ سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس عقیل احمد عباسی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے بیوی کے نان نفقہ سے متعلق کیس کا 15 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کردیا۔

جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ منسوخ کرتے ہوئے لاہورہائیکورٹ کے فیصلے میں استعمال زبان پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہا کہ ایسی زبان استعمال کریں جو خواتین کی برابر قانونی حیثیت کی توثیق پر مبنی ہو، فیصلے دقیانوسی سوچ سے گریز اور رواداری کے فروغ پر مبنی ہونے چاہئیں۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ بیوی کاحق نان نفقہ ازدواجی تعلقات یا رخصتی سے مشروط نہیں اور نہ ہی شوہر کی صوابدید ہے، نان و نفقہ کا حق نکاح کیساتھ شروع ہوتاہے اور اس کی پابندی قانونی فریضہ ہے۔

2 رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ازدواجی تعلقات سے مشروط کرنا حق نان نفقہ کومتاثر کرتا ہے، ازدواجی تعلقات سے نان نفقہ مشروط کرنا شوہرکو مالی ذمہ داری سے بچنے کاموقع دیتا ہے۔