Live Updates

بھارتی آبی دہشتگردی نے لاکھوں خاندانوں کو جانی ومالی طور پر شدید متاثر کیا ‘رانا سکندرحیات

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:10

بھارتی آبی دہشتگردی نے لاکھوں خاندانوں کو جانی ومالی طور پر شدید متاثر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ بھارت کی آبی دہشتگردی سے متاثرہ ملتان ڈویژن کے 3ہزار سے زائد افراد کو اپنی نگرانی میں ریسکیو کرواچکا ہوں، گذشتہ 4 روز سے مسلسل موقع پر موجود ہوں اور سیلابی صورتحال پر نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ ریلیف آپریشن کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت نے پاکستان کے لاکھوں خاندانوں کو جانی اور مالی طور پر شدید نقصان پہنچایا ہے۔

متاثرہ خاندانوں کی دکھ بھری کہاںیوں نے مجھے 4 روز سے سونے نہیں دیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ بھارتی آبی دہشتگردی سے متاثر ہونے والے افراد کیلئے ہماری پہلی ترجیح انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنا ہے۔ متاثرین کے بروقت انخلا، صفائی اور صحت کی سہولیات، اور انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کشتیوں، ہیلی کاپٹر، مشینری اور دیگر آلات کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مثر اور تیز تر بنانے پر توجہ دینے کیلئے وزیر اعلی پنجاب کی پوری ٹیم مسلسل فیلڈ میں موجود ہے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ فیلڈ سکولز، بنیادی سہولیات اور محفوظ منتقلی کے انتظامات اس عزم کے ساتھ جاری ہیں کہ ہر خاندان اپنی بحالی کے سفر میں تحفظ اور عزت کے ساتھ آگے بڑھے۔ وزیر تعلیم نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے رضاکاروں کو بھی زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریلیف ورکرز کی انتھک محنت کے بغیر متاثرین کا بروقت انخلا اور دیگر اقدامات ممکن نہیں تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات