ضلعی انتظامیہ لاہور کا ذخیرہ اندوزوں اور گرانفروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن، لاکھوں من گندم ضبط

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی مشترکہ کارروائیاں تیز کر دی گئیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی زیر قیادت ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے۔ضلعی انتظامیہ کی کارروائیوں کے نتیجے میں مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی سپلائی مستحکم ہونا شروع ہوگئی ہے۔

گندم ذخیرہ اندوزی کے خلاف گرینڈ آپریشن میں2 لاکھ91 ہزار من سے زائد گندم ضبط کی گئی جبکہ شہریوں کی سہولت کیلئے گزشتہ3 روز میں 8 لاکھ آٹے کے تھیلے مارکیٹ میں فراہم کئے گئے۔گرانفروشی کی روک تھام کیلئے پرائس مجسٹریٹس اور پیرا فورس مسلسل متحرک ہیں تاکہ اشیائے خورونوش مقررہ نرخوں پر دستیاب رہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا تعطل اور بلا تفریق آپریشن جاری رکھا جائے گا۔

آٹے اور گندم کی سپلائی چین پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ کہیں قلت پیدا نہ ہو۔انہوں نے واضح کیا کہ گرانفروشی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور ناجائز منافع خوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کیلئے اشیائے خورونوش کی وافر مقدار میں دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔