فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے’’اعلیٰ تعلیم میں جدت" منصوبے کا آغاز کر دیا

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی نے پاکستانی یونیورسٹیوں کے تعلیمی معیار کو بین الاقوامی سطح پر بہتر بنانے کے لیے ’’اعلیٰ تعلیم میں جدت‘‘ منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر ایف جے ڈبلیو یو، یونیورسٹی آف پنجاب لاہور اور جی سی یونیورسٹی لاہور اس ابتدائی منصوبے میں شامل ہیں اور بعد میں دیگر یونیورسٹیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منصوبے کے آغاز کے لیے یونیورسٹی میں صلاحیت سازی ورکشاپ منعقد کی گئی، جس کی قیادت پروفیسر ڈاکٹر راحت منیر نے کی۔ انہوں نے تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے، بین الاقوامی منظوری حاصل کرنے، تدریسی طریقے جدید بنانے اور طلبہ کو مستقبل کی ملازمتوں کے لیے تیار کرنے پر زور دیا۔ایف جے ڈبلیو یو کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر بشری مرزا نے کہا کہ روایتی تدریسی طریقوں سے ہٹ کر عالمی معیار کے مطابق تعلیم دینا ضروری ہے اور تعلیمی سرمایہ کاری یونیورسٹی اور ملک کی ترقی کے لیے اہم ہے۔ورکشاپ میں دیگر اعلیٰ عہدیداران نے بھی شرکت کی اور منصوبے کے لیے مالی معاونت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن/پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے اضافی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔