سکردو،الپائن کلب کی گولڈن جوبلی پر خواتین کوہ پیماؤں کا کارنامہ، 5400 میٹر بلند بری لا چوٹی سر کر لی

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:07

سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 ستمبر2025ء)الپائن کلب آف پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کے سلسلے میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والی باہمت خواتین کوہ پیماؤں نے شاندار کارنامہ سر انجام دیتے ہوئے 5,400 میٹر بلند بری لا (Burji La) چوٹی سر کر لی۔ اس کامیاب مہم جوئی کو خواتین کی بااختیاری اور مثبت معاشرتی تبدیلی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔

چار روزہ مہم 7 ستمبر کو سکردو سے شروع ہوئی، جس میں ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد کی نمائندگی کرنے والی خواتین نے شرکت کی۔ مہم کے دوران دیوسائی ٹاپ پر قیام کے بعد پہاڑی چڑھائی کی تربیت دی گئی، جس کے بعد ٹیم نے بری لا کی بلند چوٹی کو کامیابی سے سر کیا۔مہم میں شرکت کرنے والوں میں خیبر پختونخوا سے ماریہ بنگش، گلگت بلتستان سے زیبا بتول، پنجاب سے بسمہ حسن، بلوچستان سے لاریب بتول، سندھ سے مدیحہ سید، اسلام آباد سے شاہرین خان اور آزاد کشمیر سے بی بی افزون شامل تھیں، جب کہ انڈپینڈنٹ اردو کی صحافی مونا خان نے میڈیا کی نمائندگی کی۔

(جاری ہے)

الپائن کلب آف پاکستان کے سیکرٹری ایاز شگری نے اس کامیاب مہم پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کوہ پیماؤں کی یہ کامیابی نہ صرف اٴْن کی ہمت اور صلاحیت کا ثبوت ہے بلکہ اس سے نئی نسل کو متاثر کن پیغام بھی ملا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کو عمومی طور پر غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع کم میسر ہوتے ہیں، اس لیے مستقبل میں بھی ایسی مہمات کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

مہم میں رہنمائی کے فرائض پاکستان کے معروف کوہ پیما ساجد سدپارا، اشرف سدپارا، فدا شغری اور شریف سدپارا نے انجام دیے۔ ساجد سدپارا نے کہا کہ ہم خواتین کی اس شاندار کامیابی پر بے حد خوش ہیں اور ہمیں فخر ہے کہ ہم اس ٹیم کا حصہ تھے۔ اشرف سدپارا نے بھی خواتین کی جرات اور حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ تمام شرکاء نے غیر معمولی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔الپائن کلب نے اس قومی سطح کی مہم کے ذریعے ملک کے ہر خطے سے باصلاحیت خواتین کو اکٹھا کرنے اور کوہ پیمائی کے میدان میں ان کی شرکت کو فروغ دینے کی نئی مثال قائم کی ہے۔