سید زین شاہ کی صحافی امداد سومرو کو سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے لیگل نوٹس بھیجنے کی مذمت

جمعہ 12 ستمبر 2025 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینرِ دریائے سندھ بچا تحریک سید زین شاہ نے سینئر صحافی امداد سومرو کو سندھ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے لیگل نوٹس بھیجنے، ہراساں کرنے اور دھمکانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں سید زین شاہ نے کہا کہ جب امداد سومرو نے سندھ پبلک سروس کمیشن میں موجود بے ضابطگیوں، کرپشن اور میرٹ کی پامالی پر آواز اٹھائی تو انہیں لیگل نوٹس کے ذریعے ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے سندھ کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی امداد سومرو کے ساتھ کھڑی ہے۔ سید زین شاہ نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن سے لے کر دیگر تمام اداروں تک، اگر کوئی صحافی یا سول سوسائٹی کا رہنما میرٹ کے لیے آواز اٹھائے گا تو سندھ یونائیٹڈ پارٹی اس کا ساتھ دے گی۔

(جاری ہے)

حق اور سچ کی آواز اٹھانے والوں کو ہراساں کرنا پیپلز پارٹی کا روایتی کلچر بن چکا ہے، اور وہ بیوروکریٹس جو لا قانونیت کے ذریعے میرٹ کی پامالی اور سندھ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ان کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی تحریک چلائے گی۔

میرٹ کا قیام ہمارے لئیے اتنا ہی اہم ہے جتنا سندھ کے مفادات۔ ہم سندھ پبلک سروس کمیشن کو انتباہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے ادارے کی اصلاح کرے، ورنہ ہم عدالتی اور عوامی گھیرا کریں گے۔