ڈیرہ غازی خان، لکڑی چوری کی روک تھام کے لیےاضلاع میں داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:10

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) ناظم جنگلات ڈیرہ غازی خان سرکل محمد طارق نسیم نے کہا ہے کہ لکڑی چوری کی روک تھام کے لیےاضلاع میں داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں۔جمعہ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ میں چوک سرور شہید ٹول پلازہ اور پہاڑ پور، ضلع مظفرگڑھ میں چناب پل ملتان روڈ، ہیڈ محمد والا اور ہیڈ پنجند، جبکہ ضلع راجن پور میں پولیس چوکی ظاہر پیر کوٹ مٹھن روڈ اور رجھان ٹول پلازہ پر چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں تاکہ لکڑی چوروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لکڑی کی ترسیل کے لیے محکمہ جنگلات کا پرمٹ حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں مہتمم جنگلات لیہ نے فاریسٹ چیک پوسٹ چوک سرور شہید پر گزشتہ 8 ماہ کے دوران 9297 ٹرکوں کی چیکنگ کی، جن میں سے 3845 ٹرکوں کے پاس ٹرانزٹ پرمٹ موجود تھے جبکہ 5452 ٹرکوں کو بغیر پرمٹ پایا گیا، جن پر 1 کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اب تک تقریباً 58 لاکھ روپے کے جرمانے وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کرائے جا چکے ہیں۔ناظم جنگلات نے کہا کہ لکڑی چوری کی روک تھام میں محکمہ جنگلات کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کو بھی بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور سرکاری لکڑی کی چوری کی صورت میں فوری اطلاع دے کر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔