چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کا منہاج القرآن انٹرنیشنل ماڈل ٹائون کا دورہ

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان میں دہشتگردی، فرقہ واریت اور نفرت انگیز تقاریر کے خاتمے کیلئے قومی بیانیہ تشکیل دینے کیلئے حکومتی سطح پر قائم کی گئی قومی پیغام امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے منہاج القرآن انٹرنیشنل ماڈل ٹائون کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ و نظام المدارس پاکستان کے چیئرمین خرم نواز گنڈاپور اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ڈائریکٹر انٹرفیتھ سہیل احمد رضا نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے حافظ طاہر محمود اشرفی کو قومی بیانیہ کی تشکیل کیلئے حکومتی سطح پر قائم کی گئی پیغام امن کمیٹی کے ساتھ اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اتحاد امت، بین المذاہب رواداری وربین المسالک ہم آہنگی کے قیام کیلئے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا ۔

(جاری ہے)

حافظ طاہر محمود اشرفی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی تحقیقی میدان میں عالم اسلام کیلئے خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

ملاقات کے اختتام پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مختلف موضوعات پر مشتمل تصانیف کا تحفہ دیا۔ اس موقع پر منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ناظم اطلاعات نور اللہ صدیقی، ناظم نظام المدارس علامہ میر آصف، حفیظ الرحمن خان، اورنگزیب رضا خان اور طیب ضیاء بھی موجود تھے۔