پشاور 26 سال بعد قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن نے 26 سال بعدپشاورکو قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کی میزبانی سونپ دی ہے، خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چیمپئن شپ 24 اکتوبر سے پشاور میں شروع ہوگی جس میں صوبوبوں اور محکموں کی ٹیمیں شرکت کریں گی، پشاور میں آخری بار 1999 میں بیڈمنٹن چیمپئن شپ کھیلی گئی تھی جسے واجد علی خان نے جیتا تھا جو اس وقت پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری ہیں اور ان ہی کی خواہش پر خیبر پختونخوا کو میزبانی دی گئی ہے۔

ادھر خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے وفد نے چیئرمین سجاد خان مہمند کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا سپورٹس بورڈ تاشفین حیدر سے ملاقات کی۔ وفد میں صدر بلال خان، جنرل سیکرٹری میاں صداقت شاہ، یحییٰ،حیات الله اور مسعود شامل تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں قومی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے انعقاد بارے امور پر بات چیت کی گئی۔ وفد نے ڈی جی سپورٹس کو چیمپئن شپ کو صوبے میں بیڈمنٹن کے فروغ کے لئے اہم قرار دیا اور کہا کہ 26 سال بعد صوبے کو میزبانی ملنا اعزاز کی بات ہے، وفد نے ڈی جی سپورٹس کو تعاون کی درخواست کی۔ ڈی جی سپورٹس نے چیمپئن شپ کی میزبانی صوبے کو ملنے کو خوش آئند قرار دیا اور چیمپئن شپ کے انعقاد وتیاریوں میں تعاون کا یقین دلایا۔