’’کلچرل میپنگ آف والڈ سٹی آف لاہور اینڈ اِٹس لاہوری آئیڈینٹی‘‘ کتاب کی تقریب رونمائی

جمعہ 12 ستمبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے لاہور قلعہ کے بیسشن کیفے میں کتاب ’’کلچرل میپنگ آف والڈ سٹی آف لاہور اینڈ اٹس لاہور ی آئیڈنٹٹی ‘‘ کی تقریبِ رونمائی منعقد کی۔ اس کتاب میں اندرون لاہور کی مادی وغیر مادی ثقافتی وراثت کو اجاگر اور لاہوری شناخت کی اصل روح کو قلمبند کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ اشاعت تین حصوں پر مشتمل ہے ، بازار، دروازے اور گزرگاہ۔

ان ابواب میں پرانے لاہور کی گلیوں، بازاروں اور راہداریوں کی رنگینی کو سمیٹا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وہ ثقافتی عناصر بھی درج ہیں جو تاریخ کے لحاظ سے نہایت اہم لیکن وقت کے ساتھ ختم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ترجمان والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے مطابق اس منصوبے کا مقصد اندرون لاہور کی زندہ روایات، رسوم و رواج اور عمارات کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ اور قلمبند کرنا ہے، اس تحقیق میں پنجاب ٹورزم فار اکنامک گروتھ پراجیکٹ کے تحت شامل انٹرنز نے تعاون کیا اور تقریبا ًدو برس کے بعد یہ منصوبہ مکمل ہو کر کتابی صورت میں شائع کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ملیحہ رشید نے لاہور کی وراثت کے تحفظ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ کتاب محض دستاویز نہیں بلکہ ہماری ثقافتی شناخت کا جشن ہے۔انہوں نے کہاکہ پرانا لاہور اپنی انفرادیت میں بے مثال ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ اس روح کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ رکھا جائے۔ کتاب کی مصنفہ صبا سمیع اور اسے لی ٹاپیکل پرنٹرز نے شائع کیا ہے،یہ منصوبہ پی ٹیگ، والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی ، ورلڈ بینک، آغا خان ٹرسٹ فار کلچر اور چینی قونصل خانہ لاہور کے تعاون ومعاونت سے ممکن ہوا۔تقریب سے کرن افضل (ایس پی ایس ایس ورلڈ بنک پاکستان) اور قونصل جنرل چین لاہور نے بھی خطاب کیا۔