ڈیرہ اسماعیل خان،نوجوان کو قتل کرنے اور ایک خاتون کو زخمی کرنے کے مقدمے میں عدالت نے ملزم کو عمر قید بامشقت اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی

ہفتہ 13 ستمبر 2025 16:20

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2025ء) ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ پروا کی حدود میں غیرت کے نام پر ایک نوجوان کو قتل کرنے اور ایک خاتون کو زخمی کرنے کے مقدمے میں عدالت نے ملزم کو عمر قید بامشقت اور دس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔یونین کونسل نائی ویلہ کے گاؤں گرہ سانگی میں ملزم اللہ نواز نے اپنی بہن محترمہ سمینہ بی بی اور نوجوان محمد الطاف ولد حق نواز پر گھر میں ہی فائرنگ کردی۔

دونوں افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں محمد الطاف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کی رپورٹ پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم اللہ نواز ولد شہزاد کو قاتلانہ اسلحہ سمیت گرفتار کیا تھا۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران عدالت نے ملزم کو محمد الطاف کے قتل کے جرم میں قرارداد مجرم ٹھہرایا۔

(جاری ہے)

تاہم، زخمی خاتون سمینہ بی بی کو عدالت میں پیش نہ کرنے کی وجہ سے ان کے زخموں کے حوالے سے ملزم کو بری کردیا گیا۔

عدالت نے فیصلے میں ملزم اللہ نواز کو دفعہ 302 (ب) پ پ سی کے تحت عمر قید بامشقت کی سزا سنائی ہے، نیز دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے، جو مرحوم کے ورثاء کو ادا کرنا ہوگا۔ جرمانہ کی ادائیگی میں ناکامی کی صورت میں ملزم کو مزید چھ ماہ قید کی سزا بھگتنی ہوگی،عدالت نے ملزم کو دفعہ 15 اے اے کے تحت چھ ماہ قید اور دس ہزار روپے جرمانہ کی سزا بھی سنائی، جو بیک وقت چلے گی۔ ملزم کو ضمانت کی رعایت سے مستفید ہونے کا حق بھی دیا گیا ہے۔ملزم جو عدالت میں موجود تھا، کو سزا سنانے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔\378