cنجی ائیرلائنز عوام پر ظلم ڈھا رہی ہیں، کاشف حیدری

دیگر شہروں کے مقابلے میں کوئٹہ کے مسافروں سے کئی گنا زیادہ کرایہ لینا امتیازی سلوک، فی الفور بند کیا جائے، ترجمان

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 ستمبر2025ء) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ نجی ائیرلائنز کی من مانیاں اور کرایوں میں بے تحاشہ اضافہ عوام اور تاجروں کے ساتھ کھلا ظلم ہے۔ کوئٹہ سے کراچی کا کرایہ جو عام دنوں میں 14 سے 17 ہزار روپے تھا اب 50 ہزار روپے سے تجاوز کر چکا ہے، جبکہ کوئٹہ سے اسلام آباد کا کرایہ جو 18 سے 20 ہزار لیا جاتا تھا وہ بھی 50 ہزار سے زیادہ وصول کیا جا رہا ہے۔

یہ صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ بعض اوقات مسافروں کو ٹکٹ بھی دستیاب نہیں ہوتے جس سے شہریوں اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ کاشف حیدری نے کہا کہ کوئٹہ چونکہ جغرافیائی طور پر ملک کے دیگر بڑے شہروں سے دور واقع ہے اس لیے یہاں کے تاجر اور شہری اکثر ہوائی سفر پر انحصار کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

لیکن نجی ائیرلائنز کے غیر منصفانہ رویے نے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگے کرایوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں، تاجر اپنے تجارتی معاملات کے سلسلے میں بروقت سفر کرنے سے قاصر ہیں اور عام شہری بھی اپنے ضروری کاموں کے لیے سفر کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ کاشف حیدری نے مزید کہا کہ بلوچستان پہلے ہی معاشی طور پر کمزور صوبہ ہے، صنعت و تجارت کو فروغ دینے کے لیے بہتر سفری سہولیات ناگزیر ہیں، مگر موجودہ حالات نے صوبے کے تاجروں اور عوام کو مایوس کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر شہروں کے مقابلے میں کوئٹہ کے عوام سے کئی گنا زیادہ کرایے وصول کیے جا رہے ہیں جو کہ امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ ادارے فوری نوٹس لیں، کرایوں کو منصفانہ سطح پر لایا جائے اور ائیرلائنز کو پابند کیا جائے کہ وہ عوام کو سہولت فراہم کریں نہ کہ مشکلات۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اس مسئلے پر فوری اور سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو تاجر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے اور بھرپور لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔