نارتھ ایسٹ کراچی پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن

ہفتہ 13 ستمبر 2025 22:18

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2025ء)ترجمان واٹر کارپوریشن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی فراہمی میں مسلسل تعطل کے باعث نارتھ ایسٹ کراچی (NEK) پمپنگ اسٹیشن اور کے ٹو فلٹر پلانٹ بری طرح متاثر ہیں جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 11 ستمبر کو صبح 9 بجے پمپنگ اسٹیشن کے فیڈر 2 کی بجلی کی فراہمی معطل ہوئی تھی جو کے الیکٹرک کی کیبل میں خرابی کے باعث تاحال بحال نہیں ہو سکی۔

ترجمان کے مطابق بجلی کی یہ طویل بندش گزشتہ 57 گھنٹوں سے جاری ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے فالٹ کی مرمت اب تک مکمل نہیں کی جا سکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مسلسل تعطل کے باعث شہر کو اب تک تقریبا 184 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا پانی کی قلت کے باعث ضلع وسطی، صفورہ ٹان، چنیسر ٹان اور جناح ٹان کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہوئی ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن کے اعلی حکام کے الیکٹرک انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں اور انہیں صورتحال کی سنگینی سے مکمل طور پر آگاہ کیا جا چکا ہے۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں اور غیر ضروری استعمال سے گریز کریں تاکہ موجودہ بحران پر قابو پایا جا سکے۔