آلو بخارہ غذائی اثرات کے ساتھ ساتھ صحت کے حوالے سے بھی متعدد فوائد کا حامل ہے، حکیم حارث نسیم سدھروی

اتوار 14 ستمبر 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) جادوئی اثرات کا حامل آلو بخارہ بہت سے طبی فوائد کا حامل ہے۔ حکیم حارث نسیم سدھروی نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ موسم گرما کا خوش ذائقہ پھل آلو بخارہ غذائی اثرات کے ساتھ ساتھ صحت کے حوالے سے بھی متعدد فوائد کا حامل ہے، ایک آلو بخارہ میں 30 کیلریز ، 8 کاربو ہائیڈریٹس، ایک گرام فائبر جبکہ 7 گرام وٹامن سی ، اے، کے ، پوٹاشیم ، کاپر اور میگنیز بھی شامل ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف طبی تحقیقاتی کے مطابق خشک آلو بخارے کا باقاعدگی کے ساتھ استعمال ہڈیوں کے بھربھرے پن کے خطرات کو کم کرتا ہے، اسی طرح تازہ اور خشک آلو بخارہ اینٹی آکسیڈینٹس سے بھرپور ہوتا ہے جو ورم میں کمی لانے ، جسمانی خلیات کو مضر مواد سے تحفظ فراہم کرنے میں مدد کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح آلو بخارہ میں موجود پولی فینو لز، اینٹی آکسیڈنٹ ، دل کی بیماریوں اور ذیابیطس کے خطرات کو بھی کم کرتے ہیں۔

مزید برآں دیگر پھلوں کے مقابلے میں آلو بخارے میں زیادہ مقدار میں پولی فینولز پائے جاتے ہیں جو طاقتور ورم کش خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آلو بخارہ خون کی کمی کے خاتمے ، پٹھوں کی مضبوطی میں اضافہ اور کولن کینسر کے خطرات کو بھی کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔حکیم حارث نسیم نے مزید کہا کہ آلو بخارہ بڑی آنت کے کینسر کے باعث ہونے والی سوزش کے خطرات کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ جلد کی خوبصورتی میں بھی اضافہ میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آلو بخارہ قدرت کی بہت بڑی نعمت ہے ، اس کا خشک تا تازہ صورت میں استعمال صحت کےلئے انتہائی فائدہ بخش ثابت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدیم ماہرین صحت بو علی سینا ، علامہ برہان الدین نفیس، ملا سدیدی، ابن بیطار اور ابن سہل نے بھی آلو بخارہ کے طبی خواص بیان کئے ہیں۔\395

متعلقہ عنوان :