کراچی: مختلف علاقوں فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے تین افراد زخمی

زخمیوں کی شناخت 17 سالہ سمیع، 35 سالہ فرحان اور 22 سالہ سرتاج کے نام سے کی گئی

اتوار 14 ستمبر 2025 13:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وار سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاون کے علاقے سیکٹر 13 ایچ حرمین پارک کے قریب فائرنگ سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔اورنگی ٹائون پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت 17 سالہ سمیع کے نام سے کی گئی جبکہ واقعہ ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔اورنگی ٹائون کے علاقے سیکٹر فور ایف میں فائرنگ سے 35 سالہ فرحان نامی شخص زخمی ہوگیا جسے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا۔چھیپا حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے جبکہ مومن آباد پولیس مزید معلومات حاصل کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا پی آئی ڈی سی کے قریب ہجرت کالونی میں تیز دھار آلے کے وار سے نوجوان زخمی ہوگیا جسے تشویشناک حالت میں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لیجایا گیا۔سول لائن پولیس حکام کے مطابق نوجوان کی شناخت 22 سالہ سرتاج کے نام سے کی گئی جسے اس کے دوست رب نواز نے جھگڑے کے دوران خنجر کے وار سے زخمی کیا تھا جسے پولیس نے گرفتار کر کے خنجر اپنے قبضے میں لے لیا۔