صدر زرداری کا چین میں زلزلہ وارننگ سسٹم سے لیس ہائی اسپیڈ ٹرین پر سفر

ْچین کی ٹرینیں 350کلومیٹرفی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلتی ہیں،چینی حکام کی صدر آصف زرداری کو بریفنگ

اتوار 14 ستمبر 2025 16:55

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)صدر آصف علی زرداری نے دورہ چین کے دور ان چین کی زلزلہ وارننگ سسٹم سے لیس ہائی اسپیڈ ٹرین پر سفر کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے زلزلہ وارننگ سسٹم سے لیس ہائی اسپیڈ ٹرین پر چینگدو سے میان یانگ تک سفر کیا جو نصف گھنٹے میں مکمل ہوا۔ رپورٹ کے مطابق سفر کے دوران چینی حکام نے صدر پاکستان کو ٹرین کے آپریشن، سروس اور سیفٹی سسٹمز پر بریفنگ دیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین کے پاس دنیا کا سب سے بڑا ہائی اسپیڈ ریل نیٹ ورک ہے اور چین کی ٹرینیں 350کلومیٹرفی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلتی ہیں۔ چینی حکام نے بتایا کہ چین کاریل ٹریک 45 ہزارکلو میٹر ہے جس سے سالانہ دو ارب سے زائد مسافر مستفید ہوتے ہیں، چین نے ایک معیاری اور یکساں نیٹ ورک قائم کیا جو جدید کنیکٹیویٹی کی مثال ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف زرداری نے کہا کہ آلودگی سے پاک الیکٹرک ٹرین اور زلزلہ وارننگ سسٹم انجینئرنگ کا شاہکار ہے، چین کی جدت پسندی پاکستان سمیت دیگر ملکوں کے لئے سبق آموز ہے۔