Live Updates

}نجکاری، واپڈا کے ڈیڑھ لاکھ ملازمین دما دم مست قلندر کیلئے تیار

ج*17 ستمبر کو اسلام آباد میں بڑا احتجاجی مظاہرہ ہوگا، سجاد حسین ساجد خورشید احمد، عبداللطیف نظامانی، رمضان اچکزئی، اقبال خان اور جاوید بلوچ کی قیادت میں عظیم الشان ریلی نکالی جائے گی

اتوار 14 ستمبر 2025 18:25

ٴْ اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 ستمبر2025ء) آئیسکو اور بجلی کی دیگر منافع بخش کمپنیوں کی نجکاری کے مجوزہ حکومتی منصوبے کے خلاف واپڈا کے ڈیڑھ لاکھ ملازمین کی نمائندہ تنظیم آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے نے بھرپور احتجاج اور وفاقی دارالحکومت میں بڑے احتجاجی مظاہرے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

اس سلسلے میں یونین کے ریجنل سیکرٹری انفارمیشن سجاد حسین ساجد نے بتایا کہ آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کی مرکزی مجلس عاملہ کے فیصلے کے تحت مورخہ 17 ستمبر 2025 بروز بدھ کو نیشنل پریس کلب کے سامنے ملک بھر سے آنے والے واپڈا ملازمین کا پرامن تاریخی اجتماع ھوگا جس سے یونین کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور بزرگ مزدور راہنما خورشید احمد، مرکزی صدر عبداللطیف نظامانی، حاجی رمضان اچکزئی، اقبال خان، گوہر تاج، جاوید اقبال بلوچ، عمران خان اور دیگر عہدیداران خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں بدھ کی صبح 11 بجے ملک کے چاروں صوبوں سے بجلی کی تمام ڈسٹری بیوشن اور جنریشن کمپنیوں سے ملازمین اور کارکنوں کے قافلے ریجنل عہدیداران کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے جمع ہوں گے جہاں سے مرکزی قائدین کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی اور بجلی کی منافع بخش کمپنیوں کی نجکاری، سٹاف کی بیتحاشہ کمی اور دوران کار بڑھتے ہوئے حادثات، کنٹریکٹ ملازمین کے مسلسل استحصال، ملازمین کو درپیش مسائل اور حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج اور اتحاد کا عظیم الشان مظاہرہ کیا جائے گا۔

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین آئیسکو کے ریجنل چیئرمین جاوید اقبال بلوچ نے اسلام آباد ریجن کے تمام سرکلوں راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم، اٹک، چکوال، جی ایس او، پی ڈی کنسٹرکشن، ایم اینڈ ٹی، جی ایس سی اور سٹور زون کے تنظیمی عہدیداروں کو تاکید کی ہے کہ وہ کارکنوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کے ہمراہ بدھ کی صبح دس بجے تک پریس کلب کا سامنے پہنچ جائیں تاکہ ملک بھر سے آنے والے قافلوں اور قائدین کے شاندار استقبال کے ساتھ نجکاری کے خلاف قوت کا بھرپور اور تاریخی مظاہرہ کیا جا سکے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات