تربت لیویزنے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

اتوار 14 ستمبر 2025 20:45

تربت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2025ء)لیویز فورس نے منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 65 کلوگرام شیشہ (آئس) برآمد کر لیا۔ کارروائی ہیرونک چیک پوسٹ پر خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ نے رات گئے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ شب لیویز اہلکاروں نے ایک مشکوک زمباد گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ڈرائیور نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

لیویز فورس نے بروقت تعاقب کرتے ہوئے گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کی جس کے باعث گاڑی رک گئی، تاہم ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا گاڑی کی تلاشی کے دوران 65 کلوگرام شیشہ برآمد ہوا، جسے قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مزید کہا کہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے لیویز فورس کی بلاامتیاز کارروائیاں مستقبل میں مزید سختی کے ساتھ جاری رہیں گی تاکہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جا سکے۔