Live Updates

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین کا گجرات کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا

اتوار 14 ستمبر 2025 20:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 ستمبر2025ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے گجرات کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے لوراں پنڈ اور دیگر سیلاب زدہ علاقوں میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ صوبائی وزیر سیلاب متاثرین میں گھل مل گئے اور ان سے امدادی سرگرمیوں بارے دریافت کیا۔

صوبائی وزیرنے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی گھڑی میں مشکل میں گھرے اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں حکومت ہر متاثرہ خاندان تک پہنچ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اور ان کی پوری ٹیم سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے فیلڈ میں متحرک ہے۔سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ ریاست کے وسائل عوام کے لئے ہیں اور عوام پر ہی خرچ ہوں گے۔

انہوں نے ڈی پی او گجرات کے ہمراہ تھانہ لاری اڈا کا دورہ کیا، فرنٹ ڈیسک اور دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ تھانہ لاری اڈا کی نئی عمارت بنائی جائے گی اور اسے ماڈل تھانہ بنایا جائے گا۔پولیس اسٹیشن لاری اڈا کوماڈل تھانہ بنانے کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر قمر سیالوی روڈ گجرات میں ابراہیم مرحوم کی رہائشگاہ پر بھی گئے۔

واضح رہے کہ ابراہیم سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کرتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔ صوبائی وزیر نے مرحوم کے اہل خانہ سے ہمدردی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے کمسن بچے کو گود میں لے کر شفقت کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔انہوں نے کہا کہ ابراہیم کی موت پر دلی دکھ ہوا ہے اور ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات