Live Updates

وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ایک ہفتہ سے قیام

پیر 15 ستمبر 2025 02:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرتھ گزشتہ ایک ہفتہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور ریلیف و ریسکیو آپریشنز کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ وہ جلال پور پیر والہ، لیاقت چوک، علی پور اور سیت پور کے دورے کر کے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔

صوبائی وزیر قانون نے کشتی کے ذریعے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کیا، متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے آپریشنز کا جائزہ لیا اور ریسکیو سرگرمیوں میں براہِ راست حصہ بھی لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین کو ٹینٹ اور راشن تقسیم کیا جبکہ ڈرون کی مدد سے جاری ریسکیو آپریشن کا بھی مشاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

ملک صہیب احمد بھرتھ نے گورنمنٹ ہائی سکول علی پور کا دورہ بھی کیا جہاں سیلاب متاثرین کے لیے قائم عارضی کیمپوں اور بچوں کی تعلیم کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا معائنہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرہ بچوں، خواتین اور بزرگوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔صوبائی سیکرٹری داخلہ احمد جاوید قاضی بھی اس موقع پر ہمراہ تھے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر صوبائی وزراء فیلڈ میں موجود ہیں اور متاثرین کی بحالی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے اور ان کی بحالی کے لیے شب و روز کوشاں ہے اور کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات