روسی اثاثے ضبط کرنے والی ریاستوں کے پیچھے جائیں گے، ماسکو کا یورپ کو انتباہ

DW ڈی ڈبلیو پیر 15 ستمبر 2025 14:20

روسی اثاثے ضبط کرنے والی ریاستوں کے پیچھے جائیں گے، ماسکو کا یورپ کو ..
  • روسی اثاثے ضبط کرنے والوں کا پیچھا کریں گے، ماسکو کا انتباہ

ادارت: مقبول ملک


روسی اثاثے ضبط کرنے والی ریاستوں کے پیچھے جائیں گے، ماسکو کا یورپ کو انتباہ

آج پیر 15 ستمبر کو یہ انتباہ ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا کہ یورپی یونین یوکرین کی مدد کے لیے منجمد روسی اثاثوں میں سے اربوں ڈالر استعمال کرنے کے خیال پر غور کر رہی ہے۔


2022ء میں یوکرین پر روسی حملے کے بعد امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے روسی مرکزی بینک اور وزارت خزانہ کے ساتھ لین دین پر پابندی عائد کر دی تھی اور 300 سے 350 بلین ڈالر کے روسی اثاثوں کو منجمد کر دیا، جن میں سے زیادہ تر یورپی، امریکی اور برطانوی سرکاری بانڈز ہیں، جو ایک یورپی سکیورٹیز ڈپازٹری میں رکھے گئے تھے۔

(جاری ہے)


خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یورپی کمیشن کی صدر ارزولا فان ڈئر لاین چاہتی ہیں کہ یورپی یونین روس کے خلاف یوکرین کے دفاع کے لیے مالی امداد کا ایک نیا طریقہ تلاش کرے، جس میں یورپ میں منجمد روسی اثاثوں سے منسلک نقد رقوم کا استعمال کیا جائے۔


آن لائن اخبار ’’پولیٹیکو‘‘ نے رپورٹ کیا کہ یورپی کمیشن اس خیال پر غور کر رہا ہے کہ روس کی ملکیت بانڈز سے حاصل ہونے والی رقوم کو یورپی مرکزی بینک میں جمع کر کے یوکرین کے لیے ایک ’’تلافی قرض‘‘ کو فنڈ کیا جائے۔
روس کے سابق صدر دیمتری میدویدیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلیگرام پر لکھا، ’’اگر ایسا ہوتا ہے، تو روس یورپی یونین کی ریاستوں کے ساتھ ساتھ برسلز اور یورپی یونین کے انفرادی ممالک کے ان یورپی بدمعاشوں کا، جو ہماری ملکیت ضبط کرنے کی کوشش کرتے ہیں، صدی کے آخر تک پیچھا کرے گا۔

‘‘
روس کی سکیورٹی کونسل کے ڈپٹی چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دینے والے میدویدیف نے مزید لکھا کہ روس یورپی ریاستوں کا ’’تمام ممکنہ طریقوں‘‘ اور ’’تمام ممکنہ بین الاقوامی اور قومی عدالتوں‘‘ کے ساتھ ساتھ ’’عدالت سے باہر بھی‘‘ پیچھا کرے گا۔
روس کا کہنا ہے کہ اس کے اثاثوں کو کسی بھی طرح سے ضبط کرنا مغرب کی طرف سے ’’چوری کے مترادف‘‘ ہے اور یہ امریکہ اور یورپ کے بانڈز اور کرنسیوں پر اعتماد کو ختم کر دے گا۔