طاقت کا اصل سرچشمہ عوام، جمہوریت محض حکومت سازی نہیں‘ مریم نواز

آئین کی حفاظت کو جہاد سمجھنے والوں کو سلام ہے کیونکہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں‘یوم جمہوریت پر پیغام

پیر 15 ستمبر 2025 14:04

طاقت کا اصل سرچشمہ عوام، جمہوریت محض حکومت سازی نہیں‘ مریم نواز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت محض حکومت سازی کا نظام نہیں بلکہ عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا پائیدار رشتہ ہے۔جمہوریت کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ آئین کی حفاظت کو جہاد سمجھنے والوں کو سلام ہے کیونکہ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور عوام کی رائے ہی ترقی کا پہلا زینہ ہے، فتنہ فساد اور تشدد کی بنیاد پر رائے سازی جمہوریت کی روح کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت وہ عہد ہے جہاں اقتدار عوام کی دہلیز پر آتا ہے، معیشت جمہوریت کے بغیر پائیدار ترقی نہیں کر سکتی، جمہوریت مضبوط ہوگی تو تعلیم کا در کھلے گا، سہولتیں ملیں گی اور ہر نوجوان کا خواب مکمل ہوگا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت محض حکومت سازی نہیں، عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہے، جمہوریت وہ آئینہ ہے جس میں ہم اپنی غلطیاں دیکھ کر درست کر سکتے ہیں، اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے دشمنی نہیں، یہی وہ سبق ہے جو ہمیں اپنی آنے والی نسلوں کو دینا ہے۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو صرف بچانا نہیں اسے نکھارنا اور دنیا کیلئے ایک مثال بنانا ہے، جمہوریت کو آئندہ نسلوں کیلئے ایسا سرمایہ بنائیں گے جو وقت کی آندھیوں میں بھی قائم رہے۔