جمہوریت کے استحکام کے لیے اداروں کی مضبوطی، قانون کی بالادستی، شفاف احتساب اور عوامی فلاح پر مبنی پالیسیاں ناگزیر ہیں،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

پیر 15 ستمبر 2025 15:02

جمہوریت کے استحکام کے لیے اداروں کی مضبوطی، قانون کی بالادستی، شفاف ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمہوریت محض ایک سیاسی یا حکومتی ڈھانچے کا نام نہیں بلکہ یہ عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ، مساوات، انصاف اور شفاف طرز حکمرانی کی ضمانت کا نام ہے۔ پندرہ ستمبر کا دن پوری دنیا کے عوام کو یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ جمہوری اقدار کے بغیر نہ تو پائیدار ترقی ممکن ہے اور نہ ہی معاشرتی ہم آہنگی قائم رہ سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت عوام کی آواز کا نام ہے اور وہی نظام کامیاب ہوتا ہے جس میں عوام کو فیصلہ سازی میں براہ راست شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے استحکام کے لیے اداروں کی مضبوطی، قانون کی بالادستی، شفاف احتساب اور عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں کو ترجیح دینا ناگزیر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جمہوری عمل میں بھرپور حصہ لیں کیونکہ نوجوان ہی مستقبل کے معمار ہیں اور ان کی شمولیت کے بغیر جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچ سکتے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اقدامات ضروری ہیں تاکہ طلبہ کو چھوٹی عمر سے ہی برداشت، رواداری، اختلافِ رائے کے احترام اور اجتماعی فیصلوں کی اہمیت کا شعور دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرتی ترقی اسی وقت ممکن ہے جب نوجوان اپنی توانائیوں کو مثبت سمت میں استعمال کریں اور ملک کو درپیش چیلنجز کے حل میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریت کے سفر میں کئی نشیب و فراز سے گزرا ہے لیکن عوام کے حوصلے اور قربانیوں نے ہمیشہ جمہوریت کے چراغ کو روشن رکھا ہے۔tقریب میں سیاسی، سماجی اور تعلیمی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

مقررین نے بھی جمہوریت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ جمہوریت نہ صرف ایک نظامِ حکومت ہے بلکہ یہ طرزِ زندگی ہے جو ہر شہری کو برابر حقوق دیتا ہے۔ شرکاء نے کہا کہ عالمی یومِ جمہوریت اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم سب کو قانون کی حکمرانی اور عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خطاب اور تقریب کے دیگر مقررین کے خیالات نے یہ واضح کر دیا کہ جمہوریت ہی وہ راستہ ہے جو ملک کو استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کی ضمانت دے سکتا ہے۔