غزہ کے مسلمانوں کےلئے100 ٹن امدادی سامان روانہ، یہ امداداہل پاکستان کا فلسطینیوں کےلئے پیغام محبت ہے،وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف

پیر 15 ستمبر 2025 14:59

غزہ کے مسلمانوں کےلئے100 ٹن امدادی  سامان روانہ، یہ  امداداہل پاکستان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) پاکستان کی جانب سے غزہ کے مسلمانوں کےلئے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئر پورٹ لاہور سے100 ٹن امدادی سامان بذریعہ خصوصی پرواز روانہ کردیا گیا۔این ڈی ایم اے کی زیر سر پرستی اور الخدمت فائونڈیشن کے تعاون سے غزہ کےلئے مزید 100 ٹن امدادی سامان علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے پیر کے روز روانہ کردیا گیا ،مجموعی طور پر پاکستان کی جانب سے یہ 22 ویں کھیپ روانہ کی گئی،اب تک 22 امدادی کھیپوں کے ذریعے بھیجی گئی امداد کا مجموعی وزن2127 ٹن ہے۔

امدادی سامان میں راشن بیگزبشمول آٹا، چاول،کوکنگ آئل، چنے، تیار کھانا اور ڈبہ بند فروٹ شامل ہیں۔سامان روانگی کی تقریب میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،حکومتی نمائندے اوراین ڈی ایم اے کے اعلی ٰافسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،غزہ کے بے گناہ مسلمانوں پر مظالم سے ہر حساس دل مضطرب ہے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان اہل پاکستان کی طرف سے غزہ کے عوام کےلئے پیغام محبت ہے۔ مریم نواز شریف نے سامان کی فوری روانگی یقینی بنانے پر این ڈی ایم اے اور دیگر فلاحی اداورں کی کوششوں کو سراہا اوران کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی ضروریات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔\932