ٹ*اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، اسرائیلی جارحیت کی مذمت

قطر پر اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی قرار،پاکستان اور ایران کا فلسطینی عوام کی جدوجہدِ آزادی کے لیے مشترکہ عزم

پیر 15 ستمبر 2025 02:45

{اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2025ء) نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہنگامی عرب و اسلامی سربراہی اجلاس سے قبل وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران ایرانی ہم منصب سید عباس اراقچی سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں قطر اور دیگر مسلم ممالک پر اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت کی گئی اور ان حملوں کو خودمختاری، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا گیا۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کے لیے اپنی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر عرب لیگ اور او آئی سی کے مرکزی کردار کو مؤثر اور فعال بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ اسلامی دنیا مشترکہ حکمتِ عملی کے ساتھ اسرائیلی جارحیت کا جواب دے سکے۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سید عباس اراقچی نے مسلم امہ کے اتحاد کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو متحد ہو کر مظلوم فلسطینی عوام کی آواز بننا ہوگا۔