تیل کی مانگ 2050 تک بڑھ کر یومیہ 123 ملین بیرل تک پہنچ جائے گی ، اوپیک کی اہمیت یا تیل کی کھپت میں کمی کی پیش گوئیاں درست نہیں ، سیکرٹری جنرل ہیثم الغیص

پیر 15 ستمبر 2025 13:54

ویانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) تیل پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے سیکرٹری جنرل ہیثم الغیص نے کہا ہے کہ اوپیک نے ہمیشہ عالمی تیل مارکیٹ میں استحکام پیدا کرنے میں کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا، اوپیک توانائی کی صنعت کا ایک لازمی حصہ اور دنیا بھر میں تیل اور پٹرولیم مصنوعات کی اہمیت کو اجاگر کرنے والی مضبوط آواز ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ کے مطابق اوپیک کے 65ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کا استحکام نہایت اہم ہے کیونکہ تیل روزمرہ زندگی کے تقریباً ہر پہلو میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اگر تیل اور پٹرولیم مصنوعات نہ ہوں تو گاڑیاں، بسیں اور جہاز رک جائیں گے، تعمیراتی شعبہ مفلوج ہو جائے گا، خوراک کی پیداوار متاثر ہوگی اور طبی مصنوعات بنانا مشکل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1960 سے اوپیک کے بنیادی اہداف اور یکساں وژن نے گزشتہ ساڑھے چھ دہائیوں میں تنظیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے، آج اوپیک کے 12 رکن ممالک ہیں اور یہ عالمی توانائی کمیونٹی اور کثیرالجہتی نظام کا ایک مستند حصہ ہے۔ہیثم الغیص نے کہا کہ اوپیک کی حیثیت میں مزید اضافہ اُس وقت ہوا جب 2016 کے آخر میں اوپیک نے نان اوپیک ممالک کے ساتھ "ڈیکلریشن آف کوآپریشن (DoC)" کے تحت شراکت داری کی جس نے کووڈ۔

19 کی عالمگیر وبا کے دوران عالمی معیشت اور تیل کی صنعت کو بڑے بحران سے نکالا۔انہوں نے بتایا کہ اوپیک کی ورلڈ آئل آؤٹ لک 2025 رپورٹ کے مطابق 2050 تک تیل کی مانگ بڑھ کر یومیہ 123 ملین بیرل تک پہنچ جائے گی کیونکہ دنیا کو بڑھتی ہوئی آبادی اور معیشتوں کے لیے زیادہ توانائی درکار ہوگی۔سیکرٹری جنرل اوپیک نے کہا کہ توانائی کی فراہمی کے بغیر عالمی سلامتی ممکن نہیں اور ترقی پذیر دنیا میں اربوں افراد اب بھی توانائی کی کمی کا شکار ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ یہ ترقی پائیدار انداز میں تمام توانائی ذرائع کے ذریعے حاصل کی جائے تاکہ سماجی، معاشی اور ماحولیاتی تقاضوں میں توازن قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ 1960 کی طرح آج بھی اوپیک حقیقت پسندانہ اور متوازن حکمت عملی پر یقین رکھتا ہے اور مارکیٹ کے استحکام کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ہیثم الغیص نے واضح کیا کہ اوپیک کی تاریخ اور تیل کی بڑھتی ہوئی طلب اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ تنظیم کی اہمیت میں کمی یا تیل کی کھپت میں آنے والے دہائیوں میں کمی کی پیش گوئیاں درست نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب ہم اوپیک کی 65 ویں سالگرہ اور اس کی کامیابیوں کا جشن منا رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اوپیک آئندہ 65 برس اور اس کے بعد بھی اپنی اہمیت برقرار رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :