سرویکل کینسر سے بچائو کی قومی ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک شروع کردی گئی ہے، والدین افواہوں پر کان نہ دھریں، اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال

پیر 15 ستمبر 2025 14:15

سمبڑیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) سرویکل کینسر سے بچائو کی قومی ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک شروع کردی گئی ہے، والدین افواہوں پر کان نہ دھریں، یہ ویکسین بچیوں کو کینسر سے بچائو کیلئے شروع کی گئی ہے، دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک میں یہ ویکسین پچھلے 15 سال سے دی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال نے پیر کو بچیوں کے والدین کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سرویکل کینسر سے بچائو کی قومی ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر تک شروع کردی گئی ہے، سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں کہ یہ ویکسین لڑکیوں کو بانجھ بنا دیتی ہے جو کہ جھوٹ پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے 100 سے زیادہ ممالک میں یہ ویکسین پچھلے 15 سال سے لگائی جا رہی ہے، کروڑوں لڑکیاں اور عورتیں یہ ویکسین لگا چکی ہیں، کہیں بھی اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ ویکسین بانجھ پن پیدا کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیوایچ او) اور یونیسف نے اس ویکسین کو محفوظ اور موثر قرار دیا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ یہ افواہ غلط ہے کہ یہ ویکسین مغربی ممالک یا کسی خفیہ فنڈنگ کے تحت دی جا رہی ہے تاکہ ہماری لڑکیاں ماں نہ بن سکیں بلکہ اس ویکسین کی فنڈنگ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسف اور حکومت پاکستان کر رہے ہیں تاکہ خواتین کو کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے بچایا جا سکے، یہ خالصتاً صحت اور کینسر سے بچائو کے لیے ہے اور اس کا کوئی سیاسی یا خفیہ ایجنڈا نہیں ہے۔

انہوں نے افواہ کہ یہ ویکسین نئی ہے اور اس کے اثرات کا پتا نہیں کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ویکسین 2006 سے استعمال ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں لاکھوں ریسرچ اسٹڈیز اس کی افادیت اور حفاظت ثابت کر چکی ہیں۔