ڈینگی کے تدراک کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے،شرافت علی خلجی

پیر 15 ستمبر 2025 15:07

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے وزیراعظم آزادکشمیر سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ ڈینگی کے تدراک کے لئے لائحہ عمل طے کیا جائے آزاد جموں وکشمیر کے دس اضلاع میں ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے شہریوں کی آگاہی مہم کے لئے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں جملہ میونسپل کارپوریشنز صفائی ستھرائی میں کوئی بھی کوتاہی نہ کرے ضلعی انتظامیہ اور ماحولیاتی ادارے شہریوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ دھواں دار،ناکارہ،کھٹارہ گاڑیاں اور پرانی فیکٹریاں جو ماحول میں آلودگی کا موجب بنتی ہیں ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے سانس اور پیٹ کی بیماریاں ماحولیاتی آلودگی سے پھیلتی ہیں حکومت آزادکشمیر ٹھوس حکومت عملی کے تحت آپریشن کرے سب سے بڑا مسئلہ صفائی وستھرائی کا فقدان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت اپنا بھرپور کردار ادا کرے جملہ ملازمین کو ان کی فیلڈ میں حاضر کرے اور ہر گلی محلے ہر وارڈ میں اپنی ٹیمیں تشکیل دے۔انھوں نے کہا کہ ڈینگی بخار ایک جان لیوا وائرس ہے جس کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات کرنا ہونگے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔