ایبٹ آباد،ٹیکس دہندگان اپنے قومی فریضے کو ادا کرتے ہوئے بروقت ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں،چیف کمشر

پیر 15 ستمبر 2025 16:21

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او)ایبٹ آباد کے چیف کمشنر عابد محمود نے ٹیکس دہندگان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے قومی فریضے کو ادا کرتے ہوئے بروقت ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں اور واجب الادا ٹیکس کی ادائیگی کریں تاکہ ملکی معیشت کے استحکام میں کردار ادا کیا جا سکے،میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ستمبر ریٹرن فائل کرنے کے لیے نہایت اہم مہینہ ہے اس لیے ٹیکس دہندگان کو بڑی تعداد میں آگے بڑھ کر ریٹرن فائل کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے،اس سلسلے میں مختلف بار ایسوسی ایشنز،ٹریڈ باڈیز اور کاروباری برادری کو پمفلٹس اور آگاہی مہم کے ذریعے قائل کیا جا رہا ہے۔گزشتہ چند برسوں میں ایبٹ آباد زون نے ٹیکس وصولیوں میں شاندار ریکارڈ قائم کیا ہے اور زیادہ اہداف حاصل کیے یا ان سے بڑھ کر کارکردگی دکھائی ہے۔

(جاری ہے)

ہزارہ ڈویژن سے وصولیوں کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درآمدات اور ودہولڈنگ ٹیکسز ریونیو کے بڑے ذرائع ہیں،پہلے اپر کوہستان،لوئر کوہستان اور کولائی پالس کے اضلاع کو سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس میں رعایت دی گئی تھی تاہم اب ان اضلاع پر 10 فیصد سیلز ٹیکس عائد کر دیا گیا ہے جس سے محصولات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

عابد محمود نے بتایا کہ ستمبر کے لیے 07 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول پر مکمل اعتماد ہے،جولائی میں 06 ارب روپے کے ہدف کے مقابلے میں 6.3 ارب روپے اکٹھے کیے گئے جبکہ اگست میں 06 ارب کے ہدف کے مقابلے میں 5.6 ارب روپے جمع ہوئے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی ڈیجیٹل انوائسنگ متعارف کرائی جائے گی جو خودکار طریقے سے لین دین کو ریکارڈ اور دستاویزی شکل میں محفوظ کرے گی اس سے شفافیت اور ٹیکس کی تعمیل میں اضافہ ہوگا۔

چیف کمشنر نے ٹیکس دہندگان کو یقین دلایا کہ آر ٹی او کے دروازے ہر وقت عوامی رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے کھلے ہیں۔ٹیکس فسیلیٹیشن سینٹرز (TFCs) میں سینئر شہریوں،خواتین اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین پر مشتمل عملہ موجود ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کی رہنمائی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے اس سال ریٹرن فائل کرنے کے لیے ایک نہایت آسان نظام متعارف کرایا ہے جو خودکار طریقے سے رہنمائی کرتا ہے اور اسے صارف دوست قرار دیا،علاوہ ازیں ایک ہیلپ لائن اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے علیحدہ ونگ بھی قائم کیا گیا ہے۔

عابد محمود نے کہا ہم سب کو ٹیکس ریٹرن فائلنگ اور ٹیکس ادائیگی کو قومی فریضہ سمجھنا چاہیے،ٹیکس دہندگان کے تعاون سے ہمیں امید ہے کہ ہم نہ صرف اپنے اہداف حاصل کریں گے بلکہ انہیں عبور بھی کریں گے۔