پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کا 22واں اجلاس تہران میں شروع، باضابطہ افتتاح کر دیا گیا

پیر 15 ستمبر 2025 22:32

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء)وفاقی وزیرِ تجارت اسلامی جمہوریہ پاکستان جام کمال خان اور اسلامی جمہوریہ ایران کی وزیر برائے سڑک و شہری ترقی فرزانہ صادق نے تہران میں پاک ایران مشترکہ اقتصادی کمیشن کے 22ویں اجلاس کا باضابطہ افتتاح کیا۔افتتاحی خطاب میں جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور تجارت و سرمایہ کاری ہماری تجارتی پالیسی کا بنیادی جزو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ اور چیمبرز آف کامرس تجارتی حجم بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کریں، حکومت ایران کے ساتھ کاروبار کرنے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خدمات، زراعت، لائیو اسٹاک، سائنسی تحقیق اور فوڈ سکیورٹی جیسے شعبوں میں تعاون پورے خطے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سڑکوں، ریل، بحری اور فضائی رابطوں کے ذریعے خطے میں معاشی سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور یہ منصوبے وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے گیٹ وے ثابت ہوں گے۔

ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے اجلاس کے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اس فورم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ان سیشنز کے نتائج مستقبل کے لیے واضح روڈ میپ دیں گے اور فالو اپ اقدامات سے عملی نتائج حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کاروبار میں آسانی، ویزہ سہولت، بارڈر مارکیٹس اور بینکنگ کے شعبے میں اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دونوں وزراء نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں پانی کے انتظام، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے