Live Updates

پہلا ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل،پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں (آج )کو مدمقابل

ورلڈ کپ سے قبل اس طرح کی سیریز کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوتا ہے‘ کپتان قومی ٹیم فاطمہ ثناء

پیر 15 ستمبر 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2025ء) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے انٹرنیشنل آج بروز منگل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔تین میچوں کی سیریز کے اگلے دو ون ڈے انٹرنیشنل بھی لاہور میں19اور 22ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہونگے۔یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے بڑی اہمیت کی حامل ہے۔

جسی30ستمبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں حصہ لینا ہے۔ پاکستان ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ 2اکتوبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کولمبو میں کھیلے گی۔پاکستان ویمنز ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام پانچوں میچ جیتے تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان ویمنز ٹیم نے جنوبی افریقہ ویمنز کے خلاف سیریز کی تیاری کے لیے کیمپ میں بھی ہیڈ کوچ محمد وسیم کی نگرانی میں سخت ٹریننگ کی ہے۔

کپتان فاطمہ ثناء کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل اس طرح کی سیریز کا ٹیم کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔کھلاڑیوں کے لیے اچھا موقع ہے کہ انہوں نے پورے سال جو تیاری کی ہے اسے میدان میں عملی جامہ پہناسکیں۔انہوں نے کہا کہ سب کو پتہ ہے کہ پاکستان ٹیم بولنگ پر انحصار کرتی ہے لہذا اس بار کوشش ہوگی کہ بیٹنگ کی طرف سے بھی سپورٹ ملے۔کیمپ میں بیٹنگ پر بھی کافی توجہ دی گئی ہے۔

جنوبی افریقہ ویمنز ٹیم کی کپتان لارا وولوارٹ بھی اس سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں اہم قرار دیتی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں بھی اسی طرح کی کنڈیشنز ہونگی لہذا یہ ایک اچھی تیاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اچھی ٹیم ہے۔اس کے پاس چند اچھی بیٹرز ہیں اور سپن کو اچھا کھیلنے والی کھلاڑی بھی ہیں ۔سیریز میں اچھا مقابلہ رہے گا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیموں کے درمیان ابتک 28ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے جاچکے ہیں جن میں پاکستان نی5جیتے ہیں ۔ 21میں جنوبی افریقہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔ایک میچ ٹائی ہوا ہے اور ایک کا نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔دونوں ٹیموں کے درمیان آخری ون ڈے سیریز 2023ء میں کراچی میں کھیلی گئی تھی جو جنوبی افریقہ نے دو ایک سے جیتی تھی۔ پاکستان کی بیٹر سدرہ امین کو ون ڈے انٹرنیشنل میں دو ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے صرف22رنز درکار ہیں۔

وہ بسمہ معروف اور جویریہ خان کے بعد یہ سنگ میل عبور کرنے والی پاکستان کی تیسری بیٹر ہوں گی۔نشرہ سندھو کو ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی 100وکٹیں مکمل کرنے کے لیے صرف 2 وکٹیں درکار ہیں۔ان سے قبل ثنا میر اور ندا ڈار سو سے زائد وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔پاکستان ویمنز ٹیم کی کھلاڑیوں میں فاطمہ ثنا (کپتان )، منیبہ علی،عالیہ ریاض،ڈیانا بیگ، ایمان فاطمہ ،نشرہ سندھو، سعدیہ اقبال، صدف شمس،رامین شمیم، عمیمہ سہیل، نتالیہ پرویز، شوال ذوالفقار، سدرہ امین، سدرہ نواز اور سیدہ عروب شاہ شامل ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات