حکومتِ پنجاب سیاحت کے فروغ کیلئے مختلف اسکیمیں لا رہی ہے، عاصم رضا

پیر 15 ستمبر 2025 21:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے کوٹلی ستیاں کا دورہ کیا اور الیکٹرک گالف کارٹ پرسٹی ٹورمنصوبہ کاافتتاح کر دیا۔انہوں نے کرور بالا سائٹ کا دورہ کیا اور پیراگلائیڈنگ کلب، ریزارٹ سمیت سیاحت کے فروغ کے لیے دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے چیئر لفٹ کی فزیبلٹی اسٹڈی کا جائزہ لینے کے لیے پرچن سائٹ کا دورہ کیا۔

مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی نے گلیمپنگ پوڈز ویلیج کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے چیورا بیس سائٹ کا بھی دورہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے مجوزہ پیرا گلائیڈنگ کلب اور کیمپنگ سائٹ کے قیام کے لیے چیورا ٹاپ سائٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اے ڈی پی اسکیم کے کام کے دائرہ کار کا جائزہ لینے کے لیے دھنوئی ریسٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مینجنگ ڈائریکٹر ٹی ڈی سی پی عاصم رضا نے کہا کہ حکومت پنجاب سیاحت کے فروغ کے لئے مختلف اسکیمیں لا رہی ہے۔ سیاحتی مقامات کو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کوٹلی ستیاں کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے ٹی ڈی سی پی نے نئے منصوبوں پر کام شروع کردیا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت ملکہ کوہسارمری آنے والے سیاحوں کی سہولت کے لیے مزید منصوبے شروع کیے جارہے ہیں، مری و کوٹلی ستیاں میں دو نئی چیئرلفٹ لگائی جارہی ہیں، پاکستان کا پہلا سکائے گلاس برج، گلیمپنگ پاڈز ویلیج، ٹورسٹ ریزارٹ، تھیم پارک، پیراگلائڈنگ کلب، پتریاٹہ ریزارٹ کی اپ گریڈیشن اور نئی سفاری ٹرین اور گالف کارٹس جیسے بڑے منصوبے شامل ہیں۔مری و کوٹلی ستیاں کے مختلف سیاحتی روٹس پر یہ گالف کارٹ پر ٹور کا آغاز کر دیاگیا ہے، سیاح مناسب ٹکٹ پر مختلف مقامات کی سیر کر سکیں گے۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی پنجاب بلال یامین ستی، اے سی کوٹلی ستیاں ڈاکٹر ثنا رام چند، پیرا گلائیڈنگ ماہرین اور محکمہ بلڈنگ کا عملہ بھی انکے ہمراہ تھا۔