کشمیریوں کی امنگوں کو دبانے سے جمہوری اقدار کے بھارت کے کھوکھلے دعوے بے نقاب

پیر 15 ستمبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پر دنیا بھر میں جمہوریت، آزادی اظہار اور انسانی حقوق کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیاجاتاہے تاہم دنیاکی سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے تمام بنیادی حقو ق سلب کر رکھے ہیں۔آج جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پرکشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کو انکے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم کر کے خو دکو ایک جعلی جمہوریت ثابت کیا ہے۔

کشمیریوں کی امنگوں کو دبانے سے جمہوری اقدار کے بھارت کے کھوکھلے دعوے بے نقاب ہوتے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی قابض افواج اور مودی حکومت کی پالیسیوں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ بھارتی جمہوریت صرف نعرے کی حد تک محدود ہے۔

(جاری ہے)

کشمیری عوام کو ان کے تمام بنیادی حق بشمول حق خودارادیت سے محروم رکھا جا رہا ہے اور جو بھی بھارتی قبضے کے خلاف آواز بلند کرتا ہے، اسے جیلوں میں قید کر دیا جاتا ہے۔

حالیہ دنوں میں کشمیری رہنما معراج ملک کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیاہے ،جس سے ظاہر ہوتاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیرمیں اپنے مخالفین کو دبانے کے لیے جبر و استبداد کے وحشیانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہاہے ۔مودی حکومت کے تحت خود بھارت میں بھی جمہوریت کو خطرہ لاحق ہے ۔ صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، طلبہ اور اقلیتی برادریوں خصوصا ًمسلمان، دلتوں، مسیحیوں اور سکھوں کو حکومتی ظلم و جبر کا سامنا ہے۔

مودی حکومت نے ملک میں اختلاف رائے کو جرم بنا دیا ہے۔ میڈیا پر قدغن، عدلیہ کی بے بسی اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے تحقیقاتی اداروں کا بے دریغ استعمال، اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارت میں جمہوریت صرف نعروں تک محدود ہے ۔مودی حکومت کے تحت بھارت میں ’’مسلمانوں کے گھروں کو بلڈوز، دلتوں کو دیوار سے لگانا اور سکھوں کی آواز کو دبانا‘‘ مودی حکومت کے مودی کے بھارت کا بھیانک چہرہ ہیں، جہاں اکثریتی حکومت، اقلیتوں کے حقوق کو مسلسل روند رہی ہے۔عالمی یومِ جمہوریت کے موقع پرعالمی برادری اور انصاف پسند مہذب اقوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارت کے اس وحشیانہ ظلم وجبر کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔