Live Updates

میپکو نے سیلاب سے متاثرہ 20 ہزار 925 صارفین کی بجلی بحال کر دی

پیر 15 ستمبر 2025 22:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے سیلاب سے متاثرہ 20 ہزار 925 صارفین کی بجلی بحال کر دی ہے۔ جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں 166 فیڈرز سے بجلی کی ترسیل جزوی جبکہ 7 فیڈرز سے مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔میپکو ترجمان کے مطابق بہاولپور، ساہیوال اور خانیوال کے اضلاع میں سیلابی پانی کی سطح کم ہونے کے بعد فلڈ ریلیف کیمپس میں خدمات سرانجام دینے والے اہلکار متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لئے سرگرم ہیں، جبکہ میپکو کے تمام سرکلوں کے کنٹرول رومز ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

ریجن بھر میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر 2 لاکھ 68 ہزار صارفین کی بجلی منقطع کی گئی تھی، جن میں سے بڑی تعداد کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ضلع ملتان کے 25 فیڈرز کے 93 ہزار 57 صارفین کی بجلی تاحال معطل ہے، اسی طرح ضلع بہاولپور میں 29 ہزار 683، لودہراں میں 7 ہزار 927، ساہیوال میں 4 ہزار 140، پاکپتن میں 8 ہزار 698، رحیم یار خان میں 7 ہزار 581، وہاڑی میں 28 ہزار 347، خانیوال میں 21 ہزار 825، بہاولنگر میں 7 ہزار 366، راجن پور میں 124، ڈی جی خان میں 2، مظفرگڑھ میں 39 ہزار 131 اور کوٹ ادو میں 40 صارفین بجلی سے محروم ہیں۔

سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن ملتان سرکل امجد نواز بھٹی اور ایگزیکٹو انجینئر آپریشن کینٹ ڈویژن بابر علی گجر کی ہدایت پر کینٹ سب ڈویژن ملتان کے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے۔ ایس ڈی او کینٹ سب ڈویژن ذیشان قریشی کی سربراہی میں ٹیم نے قاسم بیلہ، گلشن اقبال، سورج میانی سمیت دیگر علاقوں کی منقطع 6 برانچز کو دوبارہ فعال کر دیا۔علاوہ ازیں، سپریٹنڈنگ انجینئر آپریشن مظفرگڑھ سرکل ساجد حسین گوندل کی نگرانی میں بھی بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔ میپکو ترجمان کے مطابق جہاں پانی اُتر گیا ہے وہاں ٹرانسفارمرز اور پولز سے بجلی بحالی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے اور ٹیمیں الرٹ کر دی گئی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات