مولانا ارشدمدنی کی طرف سے بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم ،متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کی منسوخی تک جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

پیر 15 ستمبر 2025 22:10

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 ستمبر2025ء) جمعیت علما ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے بھارتی سپریم کور ٹ کی طرف سے متنازعہ وقف ترمیمی ایکٹ کی بعض شقوں کی معطلی کا خیرمقدم کرتے ہوئے عزم ظاہرکیاہے کہ اس کالے قانون کی منسوخی تک قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مولانا ارشدمدنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سپریم کورٹ کے فیصلے پراظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہاکہ سپریم کورٹ نے وقف قانون کی 3 اہم متنازعہ دفعات پر عمل درآمد روک دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ جمعیت علما ہند اس کالے قانون کی مکمل منسوخی تک اپنی قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے وقف ترمیمی ایکٹ کو بھارت کے آئین پر براہ راست حملہ قراردیا،جس کے تحت تمام شہریوں اور اقلیتوں کو نہ صرف برابری کا حق حاصل ہے بلکہ انہیں مکمل مذہبی آزادی کی بھی ضمانت فراہم کی گئی ہے۔ارشد مدنی نے کہاکہ یہ قانون مسلمانوں سے انکی مذہبی آزادی چھیننے کی ایک سازش ہے اور ہمیں یقین ہے کہ سپریم کورٹ اس کالے قانون کو ختم کر کے ہمیں مکمل آئینی انصاف فراہم کرے گی۔