مرد ٹیسٹ تک نہیں کرواتے، عورت بانجھ ہو تو ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے، پروین اکبر

پاکستانی معاشرے میں گود بھرائی یا کسی خاتون کی شادی کی رسم میں بے اولاد خواتین کو آگے نہیں کیا جاتا نئے شادی شدہ جوڑوں کو جلد بچے پیدا کرنے کے طعنے نہیں دیے جاتے لیکن اب بھی انہیں طعنے ملتے ہیں

منگل 16 ستمبر 2025 10:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)سینئر اداکارہ پروین اکبر کا کہنا ہے کہ عام طور پر پاکستانی معاشرے میں مرد اپنے ٹیسٹ تک نہیں کرواتے لیکن اگر عورت بانجھ نکل آئے تو پورے معاشرے میں ڈھنڈورا پیٹا جاتا ہے۔پروین اکبر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مرد و خواتین کی تولیدی صحت پر اپنی رائے پیش کی۔

پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے پاکستانی معاشرے میں گود بھرائی یا کسی خاتون کی شادی کی رسم میں بے اولاد خواتین کو آگے نہیں کیا جاتا، ان کا ایسی رسومات میں شرکت کرنا معیوب سمجھا جاتا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ ماضی کے مقابلے میں اب بہتری آ چکی ہے اور نئے شادی شدہ جوڑوں کو جلد بچے پیدا کرنے کے طعنے نہیں دیے جاتے لیکن اب بھی انہیں طعنے ملتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروین اکبر کا کہنا تھا کہ اب بدقسمتی سے نوجوان لڑکیاں شادی کے بعد فورا بچے پیدا نہیں کرنا چاہتیں، ان کا لائف اینڈ اسٹائل تبدیل ہوچکا، وہ جلد ذمہ داریاں نہیں لینا چاہتیں۔ان کے مطابق جہاں اب لڑکیاں جلد بچے پیدا نہیں کرنا چاہتیں، وہیں اب لڑکیوں کا طرز زندگی بھی تبدیل ہوچکا، وہ ہر وقت باہر کا کھانا کھاتی ہیں، جس سے ان کی تولیدی صحت متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی طور پر لڑکیوں کو چکن سے دور رہنا چاہیے اور ڈاکٹرز بھی اس کی تاکید کرتے ہیں لیکن اب تو انسانوں میں بھی ملاوٹ ہو چکی ہے۔سینئر اداکارہ کا کہنا تھا کہ مرد و خواتین کا بانجھ ہونا ایک تکلیف دہ موضوع ہے لیکن پاکستانی معاشرے میں مرد اپنے ٹیسٹ تک نہیں کرواتے، وہ اس عمل کو ہی غلط سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرد منشیات کرنے سمیت دوسرے غلط کام بھی کرتے ہیں لیکن اس باوجود بانجھ پن کا ٹیسٹ تک نہیں کرواتے، تاہم اگر کوئی خاتون بانجھ نکل آئے تو ڈنڈھورا پیٹا جاتا ہے۔

پروین اکبر کے مطابق اگر کسی خاتون کو معلوم ہوجائے کہ ان کا مرد بانجھ ہے، وہ والد بننے کے قابل نہیں تو وہ خاموش ہوجاتی ہے، وہ پوری زندگی گزار دیتی ہے لیکن کسی کو کچھ نہیں کہتی، تاہم اگر خاتون بانجھ ہو تو ڈنڈھورا پیٹا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :