سعودی عرب سے معاہدے کی کوئی خفیہ شرائط نہیں: وزیر دفاع

دیگر خلیجی ممالک بھی مستقبل میں ایسے معاہدے میں دلچسپی لیں گے، الجزیرہ کو انٹرویو

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 19 ستمبر 2025 11:05

سعودی عرب سے معاہدے کی کوئی خفیہ شرائط نہیں: وزیر دفاع
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 ستمبر 2025ء ) وزیرِ دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا باہمی دفاعی معاہدہ خطے میں نئی سمت متعین کرے گا، اور امکان ہے کہ دیگر خلیجی ممالک بھی مستقبل میں ایسے معاہدے میں دلچسپی لیں گے۔ الجزیرہ ٹی وی کو انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سکیورٹی معاہدے کے بعد اور خطے کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فطری طور پر اس کا دائرہ کار دوسرے ممالک تک بھی بڑھے گا کیونکہ اپنی سکیورٹی کے لیے یہ ممالک میلوں دور کسی دوسرے ملک پر انحصار کرنے کے بجائے اُس خودمختار ملک کی جانب دیکھیں گے جو انہیں تحفظ دینے کی صلاحیت اور اہلیت رکھتا ہو۔

دوسرے خلیجی ممالک کی شمولیت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے اگر جی سی سی میں شامل کوئی بھی ملک ایسا کوئی اشارہ دیتا ہے تو جیسا باہمی معاہدہ سعودی عرب کے ساتھ ہوا ہے ہم باقی ممالک کو بھی اس میں شامل کرنے پر غور کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کا مقصد کسی بھی جارحیت کیخلاف مشترکہ دفاع و تحفظ مضبوط بنانا ہے، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم شہبازشریف نے دفاعی معاہدے پر دستخط کیے۔

مشترکہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑا اسٹریٹجک دفاعی تعاون کا نیا معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کے تحت دونوں ممالک میں کسی ملک کیخلاف جارحیت دونوں ملکوں کیخلاف جارحیت تصور ہوگی۔معاہدہ خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کیلئے مشترکہ عزم ہے، معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو بڑھانے کیلئے مشترکہ عزم کی عکاسی ہے۔