عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا‘ رانا جاوید عمر

بانی پی ٹی آئی کبھی ڈیل نہیں کریں گے ،سر اٹھا کر واپس آئیں گے

منگل 16 ستمبر 2025 12:29

رائے ونڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رانا جاوید عمر نے کہا ہے کہ عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا،بانی پی ٹی آئی اپنی عوام کے حقوق کے لئے جیل میں بیٹھے ہیں وہ کبھی ڈیل نہیں کریں گے اور سر اٹھا کر واپس آئیں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مشکل کی اِس گھڑی میں بانی پی ٹی آئی کے حکم کے مطابق عوام کے دکھ میں ساتھ کھڑے ہیں، عوام کی آواز کو دبا کر فسطائیت کا نظام قائم کیا گیا لیکن یہ ختم ہو کر رہے گا۔

(جاری ہے)

عوام دشمن حکومت نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا، متاثرین کو خوراک، ادویات کی ضرورت ہے سب مل کر مشکل کا مقابلہ کریں گے۔رانا جاوید عمر نے کہا کہ ظلم کا نظام اپنے بوجھ تلے گرنے کو ہے ،جھوٹ پامال ہوگا اور سچ کا بول بالا ہونے والا ہے۔اِس ملک میں اغوا، تشدد کا قانون ہے جسے شکست دے کر پیار، انصاف کا قانون نافذ کرنا ہے،عوام اپنے عزم میں کمی نہ آنے دیں، انشاللہ!پاکستان کو فلاح کی جانب لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا ک پارلیمان کو بری طرح مفلوج کردیا گیا ہے اورعدالتی نظام کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔