نوجوان نسل کو سیرت طیبہﷺ سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے، چیئرمین قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی

منگل 16 ستمبر 2025 16:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے کہا ہے کہ ختم نبوت ایمان کا بنیادی جزو ہے، نوجوان نسل کو سیرت طیبہﷺسے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺکے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اس لئے ختم نبوت ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے، سیرت النبیﷺسے رہنمائی ہر دور میں ضروری ہے اس لئے نوجوان نسل کو سیرت طیبہ سے روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناشکری اﷲ کی نعمتوں سے انکار کے مترادف ہے، کارخیر میں حصہ ڈالنے والے ہمیشہ یاد رکھے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادارے دین کی خدمت کر رہے ہیں، تعلیم و تربیت کے ادارے معاشرے کے لئے قیمتی سرمایہ ہیں۔

چیئرپرسن پی آئی ای آر اے ڈاکٹر سیدہ ضیا بتول نے کہا کہ موجودہ دور میں سیرت طیبہ ﷺ ہی ہماری عملی زندگی کے لئے رہنمائی کا واحد ذریعہ ہے ، قومی رحمت للعالمین و خاتم النبین اتھارٹی نوجوان نسل کے لئے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہےجو قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریمﷺتمام جہانوں کےلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے، سیرت طیبہﷺ تعصب اور غیر مساوی سلوک کی اجازت نہیں دیتی، نبی اکرمﷺ نے اپنی زندگی میں مساوات اور عدل کا عملی نمونہ پیش کیا، سیرت طیبہ پر عمل ہی معاشرتی ہم آہنگی کا ضامن ہے۔