آج کا دن ملائیشیا کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے کفیل حسین

منگل 16 ستمبر 2025 17:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2025ء)ملائیشیا ڈے کے موقع پر کے ایچ اے بزنس انٹرنیشنل ریلیشنز اور کفیل گروپ کے سی ای او، ڈسٹرکٹ انوائرمنٹ چیئر روٹری انٹرنیشنل 3271، روٹری کلب آف کراچی انوائرمنٹ کے وائس پریذیڈنٹ، چیئرمین ڈپلومیٹک افیئرز کیپ، چیمبر آف کامرس ڈپلومیٹ افیئرز کے وائس چیئرمین اور معروف آرکیٹیکٹ کفیل حسین نے ملائیشیا کے عوام اور حکومت کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ملائیشیا کی یکجہتی، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہے پاکستان اورملائیشیاکے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں، جن کی جڑیں دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تجارتی رشتوں میں پیوست ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک او آئی سی کے اہم رکن ہیں اور امت مسلمہ کے اتحاد و ترقی کے لیے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیںتجارت کے میدان میں پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قابلِ قدر تعاون پایا جاتا ہے پام آئل کی درآمدات سے لے کر ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، کنسٹرکشن اور فوڈ انڈسٹری تک دونوں ممالک ایک دوسرے کے تجارتی پارٹنر ہیں اس تعاون کو مزید فروغ دے کر ہم نہ صرف دوطرفہ تجارت کو بڑھا سکتے ہیں بلکہ خطے کی معیشت میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں کفیل حسین نے کہا کہ ملیشیا سرمایہ کاری کے میدان میں بھی پاکستان کے لیے ایک شاندار مثال ہے جدید انفراسٹرکچر، صنعتی ترقی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ملائیشیا کی کامیابیاں پاکستان کے لیے رہنمائی فراہم کرتی ہیں ہمارا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے تبادلوں کو بڑھائیں سیاحت ایک ایسا شعبہ ہے جہاں دونوں ممالک بے شمار مواقع رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ ملائیشیا کے خوبصورت قدرتی مناظر اور پاکستان کی دلکش وادیوں کو باہمی سیاحتی پروگراموں کے ذریعے دنیا کے سامنے اجاگر کیا جا سکتا ہے اس سے نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کو قریب لایا جا سکتا ہے بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا ماحولیاتی تحفظ ایک اور شعبہ ہے جہاں پاکستان اور ملائیشیا ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر سکتے ہیں کفیل حسین نے کہاکہ ماحولیاتی منصوبوں اور گرین انرجی پروجیکٹس میں تعاون دونوں ممالک کے مستقبل کے لیے انتہائی اہم ہے ثقافتی تعلقات بھی پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہیں جبکہ تعلیمی پروگرامز، طلبہ کے تبادلے، اور فنونِ لطیفہ کی شراکت داری سے دونوں ممالک کے عوامی روابط میں مزید قربت پیدا کی جا سکتی ہے میں دعا گو ہوں کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں اور دونوں ممالک ترقی، امن اور خوشحالی کے سفر میں ایک دوسرے کے بہترین پارٹنر ثابت ہوں ملیشیا ڈے کے اس پرمسرت موقع پر میں اپنے ملائیشیائی بھائیوں اور بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں.