وفاقی وزیرریلوے کا بلوچستان دھماکے میں شہید کیپٹن وقار احمد سمیت پانچ سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا

منگل 16 ستمبر 2025 22:29

وفاقی وزیرریلوے کا بلوچستان دھماکے میں شہید کیپٹن وقار احمد سمیت پانچ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک دھماکے میں کیپٹن وقار احمد سمیت پانچ سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ شہداء نے وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی ہے، اور پوری قوم ان کی عظیم قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔

(جاری ہے)

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا، جو سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کا مشن ہر صورت مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔محمد حنیف عباسی نے واضح کیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم اور سکیورٹی فورسز یکجا ہیں اور ہر قیمت پر وطن عزیز کو دہشتگرد عناصر سے پاک کیا جائے گا۔