Live Updates

صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے، صوبائی وزیر صحت

منگل 16 ستمبر 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) صوبائی وزیرِ صحت بلوچستان بخت محمد کاکڑ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے کیونکہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی و ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط، برداشت، محنت اور ٹیم ورک جیسے مثبت رویوں کو پروان چڑھاتے ہیں۔ وہ سیکنڈ آل پاکستان چیف منسٹر بلوچستان کرکٹ گولڈ کپ کے فائنل میچ میں بطورِ مہمانِ خصوصی کھلاڑیوں اور شرکا سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب میں سیکرٹری کھیل درا بلوچ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر بازئی، قبائلی رہنما سردار موسیٰ خان کاکڑ اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔فائنل میچ ڈسٹرکٹ کوئٹہ اور گورنر الیون کے درمیان کھیلا گیا جو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد ڈسٹرکٹ کوئٹہ نے اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے ونر اور رنر اپ ٹیموں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے کھیل کے اعلی معیار اور جذبے کا مظاہرہ کیا جو یقینا قابلِ تعریف ہے۔

صوبائی وزیرِ صحت نے کہا کہ آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اور آل پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ سمیت مختلف کھیلوں کے انعقاد سے نوجوانوں کا ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آیا ہے۔ چاروں صوبوں سے ٹیموں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اور انہیں رہائش سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئیں،کامیاب انعقاد سے صوبے کا مثبت اور سوفٹ امیج دنیا کے سامنے گیا ہے کہ بلوچستان کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے گراس روٹ لیول سے کھلاڑی سامنے آئیں گے اور اگر نوجوانوں کو مناسب مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں گے تو ہسپتال ویران ہوں گے، کیونکہ ایک صحت مند نوجوان ہی مضبوط معاشرے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہوتا ہے۔

سیکرٹری کھیل درا بلوچ اور ڈی جی کھیل یاسر بازئی نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور مشیر کھیل مینا مجید کی ہدایت پر صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں اور یہ ٹورنامنٹس اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔اختتامی تقریب میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری کھیل درا بلوچ اور ڈی جی کھیل یاسر بازئی نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات