Live Updates

نوجوانوں کی جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو فروغ دینا حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ڈاکٹر شفقت ایاز

منگل 16 ستمبر 2025 19:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 ستمبر2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی جدت، تخلیقی صلاحیتوں اور محنت کو فروغ دینا حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،نوجوان ہمارا اصل سرمایہ ہیں اور ان کی رہنمائی و حوصلہ افزائی صوبے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ خیبرپختونخوا کے نوجوان نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔یہ بات انہوں نے پشاور یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر میں منعقدہ ICS پروڈکٹس ایکسپو 2025 کے افتتاح کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ایکسپو میں طلبہ نے اپنے منصوبوں اور پروڈکٹس کو جدید طرز پر پیش کیا، جنہیں دیکھ کر یہ بات واضح ہوئی کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان ٹیکنالوجی اور انوویشن میں غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ سے ان کے آئیڈیاز پر تفصیلی بات چیت کی۔ طلبہ نے بتایا کہ کس طرح ان کے منصوبے نہ صرف تعلیمی اور تحقیقی معیار کو بلند کر سکتے ہیں بلکہ معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

معاونِ خصوصی نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ نئی نسل ہی ہے جو مستقبل میں پاکستان کو ڈیجیٹل اکانومی اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کے ساتھ ہم آہنگ کرے گی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر شفقت ایاز نے طلبہ کے لیے گرانٹ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وژن کے مطابق حکومت خیبرپختونخوا باصلاحیت نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات اور بھرپور معاونت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں ای-گورننس، ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ، آئی ٹی زونز اور بزنس انکیوبیشن جیسے منصوبے اسی وژن کی عملی تعبیر ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں مستقبل کی عالمی معیشت کا حصہ بنانا ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کی اصل طاقت ہیں،ان کی توانائی، جذبہ اور تخلیقی صلاحیتیں اگر درست سمت میں استعمال ہوں تو پاکستان کو دنیا کی جدید معیشتوں کی صف میں کھڑا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے تاکہ ہر طالبعلم کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کا پورا موقع مل سکے۔آخر میں ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ اگر ہم نے نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور انوویشن کے ساتھ جوڑ دیا تو نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورا پاکستان ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ یہی وہ وژن ہے جس کے تحت صوبے کو ایک ڈیجیٹل خیبرپختونخوا بنایا جا رہا ہے اور یہی وہ خواب ہے جس کی تعبیر نوجوان نسل کے ہاتھوں میں ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات